محکمہ موسمیات کی پیشگوئی، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان، کئی مقامات پر موسم خشک اور حبس برقرار رہنے کا خدشہ
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج بارش کی پیشگوئی کردی ہے، جبکہ بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور حبس رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آج شام چند مقامات پر بارش کا امکان ہے، جبکہ مری، گلیات، راولپنڈی، چکوال اور جہلم میں بھی بعض مقامات پر بارش متوقع ہے۔
موسم کی تازہ صورتحال کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے۔ پشاور، دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، کرم، کوہاٹ اور وزیرستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جن میں لاہور، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، قصور، شیخوپورہ، ساہیوال، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ اور اوکاڑہ شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے علاقوں کراچی، ٹھٹھہ، سانگھڑ، دادو، تھرپارکر، عمرکوٹ اور میرپورخاص میں بھی چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان کے اضلاع آواران، خضدار، قلات اور ژوب میں بارش متوقع ہے، جبکہ بارکھان، موسیٰ خیل اور کوہلو میں بھی بعض مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے دیگر بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کے ساتھ حبس کی کیفیت برقرار رہنے کا امکان ہے۔





