ہر بچے تک معیاری تعلیم، ہر علاقے تک موٹروے، امیر مقام نےبالآخر بڑے منصوبوں سے پردہ اُٹھا دیا

ہر بچے تک معیاری تعلیم، ہر علاقے تک موٹروے، امیر مقام نےبالآخر بڑے منصوبوں سے پردہ اُٹھا دیا

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ہر ڈویژن میں دانش اسکول، کشمیر کو موٹروے نیٹ ورک سے منسلک کیا جائےگا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ حکومت ملک بھر میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ڈویژن میں دانش اسکول قائم کرنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے، جبکہ آزاد کشمیر کو قومی موٹروے نیٹ ورک سے منسلک کرنے کے منصوبے پر بھی جلد پیش رفت کی جائے گی۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خواہش ہے کہ ملک کے ہر خطے کے بچوں کو دانش اسکولوں جیسی معیاری تعلیمی سہولتیں میسر ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک دانش اسکول کے قیام پر تقریباً 4 ارب روپے لاگت آتی ہے، تاہم اس کے باوجود حکومت نے ہر ڈویژن میں ایسے جدید تعلیمی ادارے قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ طلبہ کو معیاری تعلیم کی یکساں سہولت فراہم کی جا سکے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتی ہے اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم، بنیادی ڈھانچے اور مواصلاتی نظام کی بہتری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

امیر مقام نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے موٹرویز اور ایکسپریس ویز کے وژن کو موجودہ حکومت آگے بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مانسہرہ سے مظفرآباد، پھر میرپور، کوٹلی اور دیگر علاقوں کو مرکزی موٹروے نیٹ ورک سے منسلک کرنے کے منصوبے پر جلد عملی پیش رفت ہوگی، جس سے آزاد کشمیر کے عوام کو بہتر سفری سہولتیں، تجارتی مواقع اور معاشی ترقی کے نئے امکانات میسر آئیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ ترقیاتی منصوبوں کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کی صلاحیت کس جماعت کے پاس ہے، اسی اعتماد کے باعث لوگ مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دے رہے ہیں۔ امیر مقام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت عوامی خدمت، ترقیاتی منصوبوں اور ملکی خوشحالی کے سفر کو مزید تیز کرے گی۔

Scroll to Top