ضلع مجسٹریٹ سوات نے ضلع بھر میں جنگلات اور درختوں کی غیر قانونی کٹائی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے نجی و محفوظ علاقوں میں چین سا اور دیگر کٹائی کے آلات کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔
جاری کردہ حکم نامے کے مطابق ضلع سوات میں جنگلات اور درختوں کی غیر قانونی کٹائی کے واقعات سامنے آئے ہیں جس سے قدرتی ماحول کو نقصان پہنچ رہا ہے اور موسمیاتی تبدیلیوں و قدرتی آفات کے اثرات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری، نجی اراضی اور محفوظ جنگلاتی علاقوں میں درختوں کی غیر قانونی کٹائی روکنے اور ٹمبر مافیا کی حوصلہ شکنی کے لیے یہ اقدام ضروری ہے، اس مقصد کے لیے ضلع بھر میں 60 روز کے لیے دفعہ 144 ضابطہ فوجداری نافذ کردی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہری پور میں ٹمبر مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن، پہاڑی علاقوں سے گاڑیاں برآمد
انتظامیہ کے مطابق پابندی کے دوران جنگلات کی کٹائی کے لیے استعمال ہونے والے چین سا اور دیگر آلات کے استعمال پر بھی ممانعت ہوگی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 پاکستان پینل کوڈ کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔





