پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کیا مٹی کا تیل بھی مہنگا ہوگیا؟صبح صبح اہم خبر آگئی

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کیا مٹی کا تیل بھی مہنگا ہوگیا؟صبح صبح اہم خبر آگئی

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی بڑا اضافہ کر دیا ہے۔ مٹی کا تیل 34 روپے 33 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 276 روپے 66 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اس سے قبل مٹی کا تیل 242 روپے 33 پیسے فی لیٹر میں فروخت ہو رہا تھا۔

اس سے قبل حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا تھا۔ پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔

قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 316 روپے 15 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 354 روپے 35 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں 18 سے 20 جولائی تک کے لیے مقرر کی گئی ہیں۔

دوسری جانب آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے پیٹرول کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اس پالیسی پر نظرثانی کرے، بصورت دیگر احتجاج اور ہڑتال کا راستہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق حکومت نے 15 ہزار پٹرول پمپ مالکان کو اعتماد میں لیے بغیر فیصلہ کیا، جس سے کاروباری مشکلات میں اضافہ ہوگا۔

آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں کے تعین سے قبل تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جانا چاہیے، جبکہ مسائل کا بوجھ پٹرول پمپ مالکان پر نہیں ڈالا جا سکتا۔

Scroll to Top