پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود کے استعمال پر عائد پابندی میں مزید توسیع کردی ہے۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کی جانب سے اس حوالے سے نیا نوٹم جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹم کے مطابق بھارتی رجسٹرڈ طیاروں، بھارتی ایئرلائنز کے جہازوں اور بھارتی ملکیت، لیز یا آپریٹ کیے جانے والے طیاروں پر پابندی برقرار رہے گی۔ یہ پابندی 24 اگست 2026 تک مؤثر رہے گی۔
حکام کے مطابق پابندی کے دائرے میں نہ صرف کمرشل پروازیں بلکہ بھارتی فوجی طیارے بھی شامل ہیں، جو پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گے۔
پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے باعث بھارتی طیاروں کو متبادل فضائی راستے اختیار کرنا ہوں گے، جس سے پروازوں کے روٹس اور آپریشنز پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
پی اے اے کی جانب سے جاری کردہ نوٹم میں فضائی حدود سے متعلق تمام متعلقہ اداروں اور ایئرلائنز کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔





