رات 12 بجتے ہی پٹرول کا نیا ریٹ لاگو کرنے کی تیاریاں

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی روزانہ اشاعت کا جدید نظام نافذ کرنے کے لیے اپنی مکمل تیاری کا اعلان کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں پیٹرولیم مصنوعات کی یومیہ قیمتوں کے نئے طریقہ کار پر غور کے لیے صنعت کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئل انڈسٹری نے حکومت کے اس اقدام کا بھرپور خیرمقدم کیا۔

اجلاس میں اوگرا، او سی اے سی، آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن، ریفائنریز، او ایم سیز اور پیٹرولیم ڈویژن کے اعلیٰ حکام نے شرکت کر کے اپنی تجاویز پیش کیں۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے واضح کیا کہ نئے نظام کے تحت مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ایک شفاف فارمولے کے ذریعے مارکیٹ کی حقیقی صورتحال کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔

وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ اس اقدام کے ذریعے عوام کو سیاسی مصلحتوں کے باعث قیمتوں میں ہونے والے غیر یقینی اتار چڑھاؤ سے محفوظ رکھا جا سکے گا اور یہ اصلاحات حکومت کی مرحلہ وار ڈی ریگولیشن حکمت عملی کا ایک اہم حصہ ہیں۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پیٹرولیم سیکٹر میں حکومتی مداخلت کو کم کرنے اور مارکیٹ کو آزاد بنانے کے لیے یہ ڈی ریگولیشن وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر متعارف کرائی جا رہی ہے۔

علی پرویز ملک نے مزید بتایا کہ یومیہ قیمتوں کے کامیابی سے نفاذ کے لیے ایس او پیز انڈسٹری اور اوگرا کی باہمی مشاورت سے تیار کیے جا رہے ہیں، جبکہ ان تمام معاملات کو اتفاقِ رائے سے حل کرنے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: خام تیل کی قیمتیں آج پھر آسمان سے باتیں کرنے لگیں، کیا پٹرول مزید مہنگا ہونیوالا ہے؟جانئے

دوسری جانب اوگرا حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ادارہ روزانہ قیمتوں کے اس نئے نظام کو لاگو کرنے کے لیے تکنیکی طور پر پوری طرح تیار ہے اور قیمتوں کی بروقت اشاعت کے لیے اپنے ڈیجیٹل سسٹم کو مزید اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔

اس اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ملک بھر میں فیول کی سپلائی چین، ریزرو مینجمنٹ اور ریئل ٹائم ڈیٹا کی دستیابی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیر پیٹرولیم نے پیٹرولیم ڈویژن اور اوگرا کو ہدایت کی ہے کہ وہ انڈسٹری کے ساتھ مزید مشاورت کر کے تمام تکنیکی امور کو جلد از جلد حتمی شکل دیں۔

Scroll to Top