ریکارڈ بنتے ہی ٹوٹنے کے لیے ہیں، 43 ملکوں میں 31 ہزار سے زائد اسکائی ڈائیوز کا انوکھا ریکارڈ

دنیا بھر کے مہم جوؤں اور فضاؤں کے شہسواروں نے ایک ہی دن میں سب سے زیادہ اسکائی ڈائیوز کرنے کا نیا اور حیران کن عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

ورلڈ اسکائی ڈائیونگ ڈے کے موقع پر دنیا کے 43 ممالک میں مجموعی طور پر 31 ہزار 75 اسکائی ڈائیوز مکمل کی گئیں جس نے ایڈونچر اسپورٹس کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کر دیا ہے۔

فضائی مہم جوئی کا یہ نیا عالمی ریکارڈ اس سے قبل سال 2024 میں قائم کیے گئے ریکارڈ کو توڑ کر بنایا گیا ہے، سال 2024 میں دنیا بھر میں مجموعی طور پر 30 ہزار 351 اسکائی ڈائیوز کا ریکارڈ ریکارڈ کیا گیا تھا جسے اس بار مہم جوؤں نے بھاری مارجن سے پیچھے چھوڑ دیا۔

اس عالمی ایونٹ کو منظم کرنے کے لیے دنیا کی بڑی پیراشوٹنگ تنظیموں نے ہاتھ ملایا، جن میں امریکی پیراشوٹ ایسوسی ایشن، آسٹریلین پیراشوٹ فیڈریشن، برٹش اسکائی ڈائیونگ اور کینیڈین اسپورٹ پیراشوٹنگ ایسوسی ایشن شامل ہیں۔

منتظمین کے مطابق اس تاریخی مہم میں دنیا بھر سے ہر سطح کے اسکائی ڈائیورز نے جوش و خروش سے حصہ لیا جن میں تجربہ کار پیشہ ور افراد کے ساتھ ساتھ زندگی میں پہلی مرتبہ ٹینڈم جمپ لگانے والے شوقین افراد بھی شامل تھے۔

امریکی پیراشوٹ ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر البرٹ برکٹولڈ نے اس تاریخی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریکارڈ تو بنتے ہی ٹوٹنے کے لیے ہیں اور ہمیں اس بات پر انتہائی فخر ہے کہ دنیا بھر سے ہزاروں افراد نے فضاؤں میں اس کھیل کا جشن منانے کے لیے ہمارا ساتھ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: فرانس کے ایمباپے نے فٹبال تاریخ بدل دی، لیونل میسی کا اہم ریکارڈ توڑ دیا

انہوں نے مزید کہا کہ یہ نیا عالمی ریکارڈ اس بات کا واشگاف ثبوت ہے کہ دنیا بھر میں اسکائی ڈائیونگ کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے اور اس سنسنی خیز کھیل میں نئے شوقین افراد کی دلچسپی عروج پر پہنچ چکی ہے۔

Scroll to Top