سعودی وزارت حج و عمرہ نے دنیا بھر سے آنے والے زائرین کی سہولت کےلیے ایک بڑا اور تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا متعارف کرا دیا ہے۔
اس نئے ویزے کے تحت اب زائرین ایک ہی ویزے پر سال میں ایک سے زیادہ مرتبہ سعودی عرب آ کر عمرہ کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔
سعودی وزارت کے مطابق یہ ویزا جاری ہونے کی تاریخ سے لے کر پورے 365 دن یعنی ایک سال کے لیے کارآمد ہوگاجس کے دوران زائرین مجموعی طور پر 90 روز تک سعودی عرب میں قیام کر سکیں گے۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ زائرین جب بھی سعودی عرب سے واپس روانہ ہوں گے تو ان کے ویزے پر دستیاب بقیہ مدت قیام خودکار طریقے سے اپ ڈیٹ ہو جائے گی جس سے اگلے دورے کی منصوبہ بندی آسان ہو جائے گی۔
تاہم، اس ویزے پر سفر کرنے والوں کے لیے کچھ شرائط بھی لازمی قرار دی گئی ہیں جن کے مطابق ہر نئے سفر سے قبل زائرین کو نسک پلیٹ فارم کے ذریعے منظور شدہ سروس پیکج کا انتخاب کرنا اور عمرہ پرمٹ حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کے لیےاہم خبر
اس کے علاوہ اس ویزے کے تحت حج سیزن کے دوران سعودی عرب آنے کی اجازت نہیں ہوگی اور یکم ذوالقعدہ سے لے کر 13 ذوالحجہ تک جاری رہنے والے حج سیزن کے دوران اس ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا کو استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔





