خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل اور جمرود میں طوفانی بارشوں کے بعد آنے والے سیلابی ریلے میں بہنے والے 6 افراد کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔
ریسکیو 1122 کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق آپریشن میں 50 سے زائد اہلکاروں اور غوطہ خور ٹیموں نے حصہ لیا۔ اس دوران پاک افغان شاہراہ پر سیلابی پانی میں پھنسنے والی 100 سے زائد گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جبکہ سیلابی ریلے کی زد میں آ کر بہہ جانے والی 3 گاڑیوں سے 6 افراد کی لاشیں نکالی گئیں۔
جاری تفصیلات کے مطابق لنڈی کوتل سے دو نوجوانوں کی لاشیں ملیں جبکہ جمرود کے مختلف علاقوں سے ایک بچے اور ایک خاتون سمیت مزید چار افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ ان لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے جس کے بعد ضلع خیبر میں سیلاب سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 6 ہو گئی ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق علی مسجد کیمپ، لنڈی کوتل، سلطان خیل، جمرود اور تختہ بیگ کے علاقوں میں آپریشن مکمل کر کے راستے کلیئر کر دیے گئے ہیں اور ٹریفک کی روانی بھی بحال ہو چکی ہے۔ تاہم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے امدادی ٹیمیں اب بھی متاثرہ علاقوں میں ہائی الرٹ ہیں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر شارق ریاض خٹک نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے 24 گھنٹے فعال ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں تیز بارشیں اور سیلاب سےحادثات میں 6 افراد جاں بحق، 2 زخمی
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے دوران غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں اور بچوں کو ندی نالوں کے قریب نہ جانے دیں۔





