ہنگو: ہنگو کے علاقے ٹل سے 450 سے زائد گاڑیاں جن میں اشیائے ضروریہ اور تجارتی سامان شامل ہے، سخت سیکورٹی میں پارا چنار پہنچ گئیں۔
یہ گاڑیاں چھوٹے قافلوں کی شکل میں اور وقفے وقفے سے روانہ کی گئیں، جن کی حفاظت کے لیے پولیس اور ایف سی کے جوان قومی شاہراہ پر تعینات کیے گئے تھے۔
حکام کے مطابق، پارا چنار کے لیے سامان لے کر روانہ ہونے والے قافلوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لیے قومی شاہراہ پر پولیس فورس اور ایف سی کی اضافی نفری موجود تھی۔
اس دوران موبائل فون سروس بھی معطل رہی تاکہ سکیورٹی کے معاملات میں خلل نہ پڑے۔
یہ بھی پڑھیں ٹل پارا چنار شاہراہ رمضان میں بھی نہ کھل سکی ، اشیائے ضروریہ ناپید
قبل ازیں، کمشنر کوہاٹ اور آر پی او کی زیرِ نگرانی جرگہ منعقد کیا گیا جس میں سرکردہ عمائدین اور حکام نے مشاورت کی تاکہ قافلوں کی محفوظ ترسیل کو یقینی بنایا جا سکے۔
حکام نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے تاکہ پارا چنار تک سامان کی ترسیل میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔





