مردان میں بارش کے دوران چھت گرنے کا واقعہ، بچے سمیت 3 افراد زخمی

مردان: تخت بھائی کے علاقے سعید آباد، مسکین آباد میں ایک کمرے کی چھت گرنے کے باعث بچے سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق چھت گرنے کے نتیجے میں تین افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہوئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر ٹیم، میڈیکل ٹیم اور ایمبولینس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

ریسکیو اہلکاروں نے ملبے سے زخمیوں کو نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جس کے بعد انہیں مزید علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دوسری جانب مردان میں تیز بارش کے دوران نکاسی آب کے نظام کو بہتر رکھنے کے لیے واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کمپنی مردان (WSSC M) کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود رہیں۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر عادل نواز کی ہدایات پر فیلڈ ٹیموں کو الرٹ رکھا گیا، جبکہ بارش کے باعث پانی جمع ہونے والے مقامات پر نکاسی آب کے لیے ہنگامی اقدامات جاری رہے۔

یہ بھی پڑھیں : بارشوں کے بعد پشاور میں فلڈ صورتحال، بورڈ بازار خوڑ میں نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ

ڈبلیو ایس ایس سی ایم کے مطابق ہاٹ سپاٹس پر پانی کی بروقت نکاسی کے لیے خصوصی ٹیمیں متحرک ہیں، جبکہ نالیوں اور ڈرینز سے رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جا رہی ہیں۔

ادارے کے متعلقہ افسران اور عملہ فیلڈ میں صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ بارش کے باوجود صفائی اور نکاسی آب کا آپریشن بلا تعطل جاری ہے، جبکہ شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top