ایران جنگ میں تقریباً 100 امریکی فوجی زخمی، پینٹاگون کی تصدیق

واشنگٹن: امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے ساتھ دو ہفتوں سے جاری جنگ کے دوران تقریباً 100 امریکی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔

پینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل کے مطابق 7 جولائی سے اب تک مختلف واقعات میں تقریباً 100 امریکی فوجی زخمی ہوئے، جنہیں مختلف نوعیت کے زخم آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے والے فوجیوں میں سے 96 فیصد ڈیوٹی پر واپس آ چکے ہیں۔

یہ انکشاف ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا نے جمعہ کے روز ایرانی حملے میں ہلاک ہونے والے دو فوجیوں کی شناخت بھی ظاہر کی۔

اس سے قبل پینٹاگون کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ 28 فروری سے اب تک مختلف کارروائیوں کے دوران 14 امریکی فوجی ہلاک جبکہ 427 زخمی ہوئے ہیں۔

امریکی حکام کے مطابق شمالی عراق اور اردن میں امریکی فوجی اڈوں پر ایران کے جوابی حملوں کے بعد ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور یونیورسٹی روڈ پر بارش کا پانی جمع، ریسکیو کا ڈی واٹرنگ آپریشن جاری

امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اردن میں حملے کے مقام سے ملنے والے بعض ناقابل شناخت جسمانی اعضا کا فرانزک جائزہ لیا جا رہا ہے، جس سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

امریکا اس سے قبل ایرانی حملوں میں تین امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کر چکا ہے، جبکہ ایک فوجی تاحال لاپتا ہے۔

گزشتہ روز امریکی فوج نے شمالی عراق میں 18 جولائی کو کارروائی کے دوران ایک امریکی فوجی اہلکار کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی تھی۔

اس سے قبل اردن پر ایران کے میزائل حملے میں دو امریکی فوجی ہلاک، ایک لاپتا اور چار دیگر زخمی ہوئے تھے۔

Scroll to Top