اعجاز آفریدی
پشاور: حالیہ شدید بارش کے باعث یونیورسٹی روڈ پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جبکہ شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق صورتحال کی اطلاع ملتے ہی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ڈی واٹرنگ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر افتخار خان کی نگرانی میں ریسکیو اہلکار ڈی واٹرنگ پمپس کے ذریعے سڑک سے پانی نکالنے میں مصروف ہیں۔
اس کے علاوہ پانی میں پھنسنے والی گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور ٹریفک کی روانی بحال کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : بارشوں کے بعد پشاور میں فلڈ صورتحال، بورڈ بازار خوڑ میں نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ
ریسکیو 1122 کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر خود بھی موقع پر موجود ہیں اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ترجمان ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا بلال احمد فیضی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر 1122 پر رابطہ کریں۔





