فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے نے جہاں دنیا بھر کے فٹبال شائقین کو اپنی جانب متوجہ کیا، وہیں گوگل سرچ کی تاریخ میں بھی نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
گوگل کے مطابق 7 جولائی کو کھیلے گئے ایک میچ کے دوران دنیا بھر سے اتنی بڑی تعداد میں سرچز کی گئیں کہ یہ دن کمپنی کی تاریخ میں سب سے زیادہ سرچ ٹریفک والا دن بن گیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ ریکارڈ ارجنٹینا اور مصر کے درمیان ورلڈ کپ راؤنڈ آف 16 کے میچ کے دوران بنا، جب ارجنٹینا کی جانب سے فیصلہ کن گول کے بعد فٹبال مداحوں نے بڑی تعداد میں انٹرنیٹ پر معلومات تلاش کرنا شروع کر دیں۔
گوگل کے نالج اینڈ انفارمیشن شعبے کے سربراہ نک فوک کے مطابق 7 جولائی (پاکستانی وقت کے مطابق 8 جولائی) کو ہونے والے اس مقابلے کے دوران گزشتہ 28 سال کی تاریخ میں سب سے زیادہ سرچ ٹریفک ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : مفت الیکٹرک بائیکس حاصل کرنے کا سنہری موقع، جانیں کون اہل ہے
گوگل نے سرچز کے درست اعداد و شمار جاری نہیں کیے، تاہم ترجمان کے مطابق ارجنٹینا کے فیصلہ کن گول کے بعد فی سیکنڈ ریکارڈ تعداد میں سرچز کی گئیں، جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ دنیا بھر کے شائقین ایک ہی وقت میں اسی میچ کے بارے میں معلومات حاصل کر رہے تھے۔
دوسری جانب فیفا ورلڈ کپ 2026 کا اختتام بھی ڈرامائی انداز میں ہوا، جہاں اسپین نے فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو ایک صفر سے شکست دے کر عالمی اعزاز اپنے نام کیا۔
اسپین نے اس کامیابی کے ساتھ 16 سال بعد دوسری مرتبہ ورلڈ کپ ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔





