کم آمدنی والے خاندانوں کیلئے خوشخبری، مفت سولر سسٹم کی فراہمی کا اعلان

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا ہے کہ سندھ حکومت کم آمدنی والے اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے مزید 2 لاکھ 75 ہزار خاندانوں کو مفت سولر سسٹم فراہم کرے گی تاکہ انہیں سستی، قابل اعتماد اور ماحول دوست بجلی کی سہولت فراہم کی جا سکے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر 18 ارب 20 کروڑ روپے مالیت کے اس منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔ ان کے مطابق منصوبے کا مقصد غریب اور مستحق خاندانوں کو توانائی کے شعبے میں حقیقی ریلیف فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے تحت آف گرڈ علاقوں کے ایک لاکھ 32 ہزار جبکہ آن گرڈ علاقوں کے ایک لاکھ 43 ہزار خاندانوں کو سولر سسٹم فراہم کیے جائیں گے۔

سندھ کے سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ ہر مستحق خاندان کو 180 واٹ کا سولر پینل، بیٹری، پنکھا اور ایل ای ڈی لائٹس دی جا رہی ہیں، جس سے وہ اپنی بنیادی بجلی کی ضروریات باآسانی پوری کر سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : پیٹرول پمپ مالکان کی ہڑتال، وزیر پیٹرولیم کا اہم بیان سامنے آگیا

شرجیل میمن نے کہا کہ اب تک 15 ہزار سے زائد سولر کٹس تقسیم کی جا چکی ہیں، جبکہ حکومت نے جون 2027 تک تمام 2 لاکھ 75 ہزار مستحق خاندانوں کو سولر سسٹم فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ صرف بجلی کی فراہمی کا اقدام نہیں بلکہ کم آمدنی والے طبقے کو پائیدار، سستی اور قابل اعتماد توانائی فراہم کرنے کی ایک اہم کوشش ہے، جس سے عوام کی زندگیوں میں آسانی پیدا ہوگی۔

Scroll to Top