لاہور: جماعت اسلامی نے مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہوئے 7 اگست کو ملک بھر کی اہم شاہراہیں بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کا اوگرا سے کوئی تعلق نہیں، جبکہ طالب علم کی آمدنی پر ٹیکس لاگو نہیں ہوتا لیکن اس سے بھی پیٹرولیم لیوی وصول کی جا رہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لیوی دراصل بھتا اور جگا ٹیکس ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بتایا جائے گا کہ حکمران طبقہ کس طرح عوام کے پیسوں پر بوجھ ڈال رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کے سلسلے میں تمام طبقات سے رابطہ کیا جائے گا اور سب کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : پیٹرول پمپ مالکان کی ہڑتال، وزیر پیٹرولیم کا اہم بیان سامنے آگیا
انہوں نے الزام عائد کیا کہ جھوٹ بول کر عوام کی جیبوں پر بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق پیٹرولیم لیوی کی مد میں 1800 ارب روپے جمع کیے جا رہے ہیں، جبکہ اگر پیٹرول لیوی اور دیگر ناجائز ٹیکسز ختم کر دیے جائیں تو پیٹرول کی قیمت میں 200 روپے تک کمی آ سکتی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ 7 اگست کو ملک بھر کی شاہراہیں بند کی جائیں گی، تاہم ایمبولینسز کو راستہ فراہم کیا جائے گا۔





