اسلام آباد: غیرملکی وفود کی آمدورفت کے باعث وفاقی دارالحکومت میں آج مختلف اوقات کے دوران اہم شاہراہوں پر ٹریفک ڈائیورشنز نافذ کیے جائیں گے، جس کے پیش نظر شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے اور اضافی وقت کے ساتھ سفر کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق کلب روڈ سے کشمیر چوک اور سرینا چوک سے زیرو پوائنٹ تک مختلف اوقات میں ٹریفک کی آمدورفت متاثر رہے گی، جبکہ ان مقامات پر ڈائیورشنز نافذ ہوں گی۔
پولیس کی جانب سے جاری ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق بھارہ کہو اور ترامڑی پارک روڈ سے اسلام آباد آنے والے شہری مری روڈ، فیض آباد اور ایکسپریس ہائی وے استعمال کریں، جبکہ سری نگر ہائی وے سے سرینا اور ریڈ زون جانے والے افراد فیصل ایونیو کے ذریعے اپنی منزل تک پہنچ سکتے ہیں۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر کے لیے گھر سے 20 سے 25 منٹ پہلے روانہ ہوں تاکہ ممکنہ ٹریفک دباؤ اور غیر ضروری تاخیر سے بچا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان
پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کی رہنمائی کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران مختلف مقامات پر تعینات ہوں گے۔
جبکہ مزید معلومات اور تازہ ترین ٹریفک اپ ڈیٹس کے لیے شہری اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے بھی آگاہی حاصل کر سکتے ہیں۔





