پیڈل، موٹر اور بریک کے بغیر ٹیسلا کی بچوں کے لیے نئی بائیک متعارف

الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی معروف کمپنی ٹیسلا نے 2 سے 5 سال عمر کے بچوں کیلئے نئی بیلنس بائیک متعارف کرا دی ہے، جس کی قیمت 225 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔

ٹیسلا کی یہ نئی بائیک روایتی بیلنس بائیکس کے مقابلے میں مہنگی ہے، کیونکہ مارکیٹ میں اسی نوعیت کی بیشتر بائیکس تقریباً 100 ڈالر میں دستیاب ہیں۔

کمپنی کے مطابق اس بیلنس بائیک میں نہ پیڈل موجود ہیں، نہ موٹر اور نہ ہی بریک، بلکہ بچے اسے اپنے پیروں کی مدد سے چلاتے ہیں، جس سے ان میں توازن برقرار رکھنے کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے۔

ٹیسلا نے بتایا کہ بائیک کو ہلکے وزن کے میگنیشیم فریم سے تیار کیا گیا ہے، جبکہ جدید ڈیزائن کے ساتھ نشست کو پانچ مختلف اونچائیوں پر ایڈجسٹ کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ زیادہ قیمت کے باوجود ٹیسلا کی یہ بیلنس بائیک فروخت کیلئے پیش کیے جانے کے فوراً بعد آؤٹ آف اسٹاک ہو گئی۔ اس کے علاوہ کمپنی کی 30 ڈالر مالیت کی ٹی شرٹ بھی مختصر وقت میں فروخت ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں : مفت الیکٹرک بائیکس حاصل کرنے کا سنہری موقع، جانیں کون اہل ہے

ٹیسلا نے اعلان کیا ہے کہ بیلنس بائیک کی نئی کھیپ کیلئے پری آرڈرز کا آغاز 31 جولائی سے کیا جائے گا، جبکہ محدود دستیابی کے باعث صارفین کو جلد آرڈر دینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ٹیسلا اس سے قبل بچوں کیلئے سائبر کواڈ اے ٹی وی بھی متعارف کرا چکی ہے، تاہم حفاظتی معیارات سے متعلق خدشات کے باعث اس کی فروخت عارضی طور پر روک دی گئی تھی۔

Scroll to Top