سوشل میڈیا کمپنی میٹا کے دو اہم اور مقبول ترین پلیٹ فارمزفیس بک اور انسٹاگرام کی سروسز ایک بار پھر عالمی سطح پر متاثر ہو گئیں جس کے باعث ہزاروں صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پلیٹ فارمز اور ویب سائٹس کی ڈاؤن ٹائم پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹرکے مطابق دونوں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی سروسز صبح 7 بج کر 54 منٹ پر متاثر ہونا شروع ہوئیں۔ اس دوران تقریباً 3,600 سے زائد صارفین نے اپنے اکاؤنٹس تک رسائی، لاگ ان اور ایپس کے استعمال میں دشواری کی شکایات درج کرائیں۔
ڈاؤن ڈیٹیکٹر کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 37 فیصد صارفین نے موبائل ایپ کی خرابی، 32 فیصد نے ویب سائٹ تک رسائی نہ ملنے اور 23 فیصد صارفین نے لاگ ان نہ ہو پانے کے مسائل کی نشاندہی کی۔ اسی طرح انسٹاگرام کے صارفین کو بھی موبائل ایپ پر فیڈ اپ ڈیٹ کرنے اور سروسز کے استعمال میں مشکلات پیش آئیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران میٹا کی سروسز میں معطلی کا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے۔ اس سے قبل گزشتہ اتوار کو بھی فیس بک اور انسٹاگرام کی سروسز اچانک معطل ہو گئی تھیں جس سے دنیا بھر کے صارفین کو شدید پریشانی اٹھانی پڑی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : فیس بک سے پیسے کمانے والوں کے لیے خوشخبری، مونیٹائزیشن کا راستہ آسان
سروسز کی اس معطلی اور فنی خرابی کی وجوہات کے حوالے سے فی الحال میٹا کی جانب سے کوئی بیان یا وضاحت سامنے نہیں آئی ہے۔





