پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے خیبر پختونخوا میں جاری بارشوں اور سیلابی صورتحال سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق صوبے میں 19 جولائی سے جاری تیز بارشوں اور فلش فلڈز کے باعث مختلف حادثات میں 18 افراد جاں بحق جبکہ 19 زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق افراد میں 7 مرد، 8 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 11 مرد، 4 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں۔
بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث مجموعی طور پر 30 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں سے 23 گھروں کو جزوی اور 7 گھروں کو مکمل طور پر نقصان پہنچا ہے۔
یہ حادثات پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، چترال لوئر، دیر لوئر و اپر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، تورغر، کرم اور شمالی و جنوبی وزیرستان کے اضلاع میں پیش آئے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو فوری طور پر امدادی سامان کی فراہمی کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے دریاؤں اور ندی نالوں میں فی الوقت پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم 23 جولائی تک تیز بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جنوبی وزیرستان سے افسوسناک خبر آگئی ،4 افراد جان کی بازی ہار گئے
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور حکومتی اداروں کی جانب سے جاری کردہ الرٹس اور ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔





