پی ٹی اے نے موبائل صارفین کے لیے اہم ہدایات جاری کر دیں

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ملک بھر کے تمام موبائل صارفین کے لیے شناختی کارڈز کی فعال حالت اور سوشل میڈیا پر مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد کے حوالے سے انتہائی اہم انتباہ اور ہدایات جاری کر دی ہیں۔

پی ٹی اے نے صارفین کو موبائل سروسز کی ممکنہ معطلی یا بندش سے بچنے کے لیے اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کو ہر صورت فعال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق درج ذیل تین صورتوں میں زیرِ استعمال سمز کسی بھی وقت بلاک کی جا سکتی ہیں۔ پہلی صورت یہ ہے کہ اگر زیرِ استعمال سم کے ساتھ منسلک شناختی کارڈ نادرا کی جانب سے منسوخ کر دیا گیا ہو۔

دوسری صورت یہ ہے کہ اگر شناختی کارڈ کی میعاد ختم ہو چکی ہو اور تیسری صورت یہ ہے کہ اگر سم کسی ایسے شخص کے نام پر رجسٹرڈ ہو جو وفات پا چکا ہو۔

پی ٹی اے نے صارفین کو زور دیا ہے کہ جن کے شناختی کارڈ کی میعاد ختم ہو چکی ہے، وہ کسی بھی ناگوار صورتحال اور سروس کی بندش سے بچنے کے لیے فوری طور پر نادرا سے اپنے کارڈ کی تجدید کروائیں۔

دوسری جانب پی ٹی اے نے سوشل میڈیا صارفین کو خبردار کیا ہے کہ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر نظر آنے والی ہر تصویر یا ویڈیو پر فوری یقین نہ کریں۔ مصنوعی ذہانت کی جدید تکنیک ڈیپ فیک کی مدد سے تیار کردہ جعلی مواد حقیقت سے بالکل مختلف ہو سکتا ہے۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ یہ جعلی یا تبدیل شدہ مواد افراد کی ساکھ، عوامی اعتماد، اور خاندانی و سماجی تعلقات کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : موبائل کال اور ڈیٹا پیکجز مہنگے ہوگئے،صارفین کیلئے بری خبر

اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی سنسنی خیز یا غیر معمولی ویڈیو اور تصویر کو آگے شیئر کرنے سے قبل مستند ذرائع سے اس کی تصدیق لازمی کریں اور پہلے سوچیں، پھر شیئر کریں کا اصول اپنائیں۔

Scroll to Top