عالمی ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے اپنی نئی فولڈ ایبل اسمارٹ فون سیریز باضابطہ طور پر متعارف کرا دی ہے، جس میں گلیکسی زیڈ فولڈ 8 الٹرا، گلیکسی زیڈ فولڈ 8 اور گلیکسی زیڈ فلپ 8 شامل ہیں۔
لندن میں منعقدہ خصوصی تقریب کے دوران کمپنی نے تینوں نئے ڈیوائسز کی رونمائی کی، جنہیں سام سنگ نے فولڈ ایبل ٹیکنالوجی کے اگلے مرحلے کی نمائندگی قرار دیا ہے۔
سام سنگ نے یہ نئی سیریز ایسے وقت میں پیش کی ہے جب ایپل کی جانب سے فولڈ ایبل آئی فون متعارف کرانے کی قیاس آرائیاں بھی جاری ہیں۔
کمپنی نے نئی ڈیوائسز میں جدید ڈیزائن، مصنوعی ذہانت پر مبنی فیچرز اور بہتر کارکردگی کے ذریعے فولڈ ایبل اسمارٹ فون مارکیٹ میں اپنی پوزیشن مضبوط رکھنے کی کوشش کی ہے۔
سیریز کے سب سے نمایاں ماڈل گلیکسی زیڈ فولڈ 8 الٹرا میں جدید اسنیپ ڈریگن 8 ایلیٹ جنریشن 5 پروسیسر، تین کیمروں پر مشتمل جدید کیمرا سسٹم، بڑی بیٹری، مصنوعی ذہانت سے متعلق متعدد سہولیات، مضبوط باڈی اور زیادہ پائیدار ڈیزائن شامل کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ فون بیک وقت کئی کام انجام دینے اور پیشہ ور صارفین کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔
دوسری جانب گلیکسی زیڈ فولڈ 8 میں پہلی بار نسبتاً چوڑی چار بہ تین اسکرین متعارف کرائی گئی ہے، جس سے ویڈیوز دیکھنے، انٹرنیٹ براؤزنگ، گیمنگ اور دستاویزات پر کام کرنے کا تجربہ بہتر بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کم آمدنی والے خاندانوں کیلئے خوشخبری، مفت سولر سسٹم کی فراہمی کا اعلان
اس ڈیوائس میں بھی اسنیپ ڈریگن 8 ایلیٹ جنریشن 5 پروسیسر، ہلکا وزن، بہتر اسکرین ٹو باڈی تناسب اور جدید ڈوئل کیمرا سسٹم شامل کیا گیا ہے۔
سام سنگ کے نئے فولڈنگ فونز میں گلیکسی زیڈ فلپ 8 بھی شامل ہے، جس میں کمپنی نے روایتی فولڈنگ ڈیزائن کو برقرار رکھتے ہوئے زیادہ مضبوط قبضہ، بڑی بیرونی اسکرین، تیز رفتار پروسیسر اور زیادہ پائیدار شیشے سمیت جدید مواد استعمال کیا ہے۔
قیمتوں کے حوالے سے گلیکسی زیڈ فولڈ 8 الٹرا کی قیمت 2 ہزار 99 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے، جو گزشتہ ماڈل کے مقابلے میں 100 ڈالر زیادہ ہے۔
جبکہ گلیکسی زیڈ فولڈ 8 کی قیمت ایک ہزار 899 امریکی ڈالر اور گلیکسی زیڈ فلپ 8 کی قیمت ایک ہزار 199 امریکی ڈالر رکھی گئی ہے، جو اپنے سابقہ ماڈلز کے مقابلے میں 100 ڈالر زیادہ ہے۔





