درگئی میں اندھا دھند فائرنگ، بزرگ شہری جاں بحق، دو راہگیر زخمی

درگئی میں اندھا دھند فائرنگ، بزرگ شہری جاں بحق، دو راہگیر زخمی

ضلع مالاکنڈ کے علاقے درگئی کے وزیرآباد میں نامعلوم مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں ایک بزرگ شہری جاں بحق جبکہ دو راہگیر زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

لیویز حکام کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں میر حسن موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ حضرت حسین اور حضرت حیات زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے درگئی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ بظاہر پرانی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم واقعے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

لیویز حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ملزمان کی تلاش میں چھاپے مار رہے ہیں۔

Scroll to Top