جعفر ایکسپریس واقعے پر بھارتی میڈیا کا پروپیگنڈا، ترجمان پاک فوج کا دوٹوک ردعمل

جعفر ایکسپریس واقعے پر بھارتی میڈیا کا پروپیگنڈا، ترجمان پاک فوج کا دوٹوک ردعمل

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے جعفرایکسپریس حملے پر بھارتی میڈیا کا پروپیگنڈا بے نقاب کردیا

ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارتی میڈیا جعلی ویڈیوز کے ذریعے پروپیگنڈا کرتا رہا،سوشل میڈیا پر مصنوعی ذہانت کا سہارا لیتے ہوئے جعلی ویڈیوز بنائی گئیں، ڈی جی آئی ایس پی آر نے
کہا جعلی ویڈیوز دکھا کر پاکستان کیخلاف بیانیہ بنانے کی کوشش کی گئی، بھارتی میڈیا نے جعلی اور جھوٹی ویڈیوز کے ذریعے پاکستان کا تشخص خراب کرنے کی کوشش کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا دہشتگردوں کے کئی گروپ تھے ،دہشتگرد افغانستان میں اپنے ہینڈلرز سے رابطے میں تھے، دہشتگردوں نے دشوار گزار علاقے میں جعفر ایکسپریس پر حملہ کیا، جہاں حملہ ہوا وہ  جگہ دشوارگزار تھی، گیارہ مارچ کو ایک بجے کے قریب ٹرین کو دھماکہ کرکے روکاگیا ، ٹرین کو روکنے سے پہلے چیک پوسٹ پر حملہ کیاگیا، دہشتگردوں نے یرغمالیوں کو ٹرین سے اتار کر زمین پر اکٹھا کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا پاکستان آرمی نے باقاعدہ منصوبہ بندی سے دہشتگردوں کو انگیج کیا، یرغمالیوں کو بازیاب کرانے کیلئے خصوصی انداز میں کارروائی کی گئی، خودکش بمبار بھی حملہ آوروں میں شامل تھے، خودکش بمباروں کی موجودگی کی وجہ سے محتاط انداز میں آپریشن کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:جعفر ایکسپریس حملہ، سیکورٹی فورسز کا آپریشن جاری، 104 مسافر بازیاب، 16 دہشتگرد جہنم واصل

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا جعفر ایکسپریس پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، فوج نے جس طرح یرغمالیوں کی رہائی ممکن بنائی وہ قابل تعریف ہے، سیکیورٹی فورسز کو کامیاب کارروائی پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا دہشتگردی کے اس واقعہ پر اظہار یکجہتی کرنے والوں کا مشکور ہوں، چند دہشتگردوں نے بلوچ روایات کو پامال کردیا ہے، یہ دہشتگرد ہیں جو پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔

Scroll to Top