پشاور: محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا نے صوبے کے مختلف اضلاع میں یونیسیف کے تعاون سے جاری تعلیمی منصوبوں کی تھرڈ پارٹی تصدیق (ویری فکیشن) کا عمل شروع کر دیا ہے، جس کے لیے تمام متعلقہ ضلعی تعلیمی افسران (ڈی ای اوز) کو مکمل تعاون اور ضروری سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
ڈائریکٹوریٹ آف ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق ویری فکیشن کے دوران پیرنٹ ٹیچر کونسلز (PTCs)، سکول ڈویلپمنٹ پلانز (SDPs)، ایکسلریٹڈ لرننگ پروگرام اور ابتدائی بچپن کی تعلیم (Early Childhood Education) سے متعلق سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
محکمہ تعلیم نے ضلعی تعلیمی افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ ویری فکیشن ٹیموں کو سکولوں کے دوروں کے دوران ہر ممکن تعاون فراہم کریں، تمام متعلقہ ریکارڈ اور دستاویزات کی دستیابی یقینی بنائیں، جبکہ ضرورت پڑنے پر فوکل پرسن بھی نامزد کیا جائے تاکہ جانچ کا عمل مؤثر انداز میں مکمل ہو سکے۔
مراسلے کے مطابق ویری فکیشن ٹیمیں سکولوں میں کلاس رومز کا مشاہدہ کریں گی اور ہیڈ ٹیچرز، اساتذہ، والدین، پیرنٹ ٹیچر کونسل کے اراکین، محکمہ تعلیم کے حکام اور دیگر متعلقہ افراد سے انٹرویوز بھی کریں گی تاکہ جاری منصوبوں کی کارکردگی اور اثرات کا جائزہ لیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں صنعتوں کے لیے بجلی پر اعلیٰ سطحی ورکنگ گروپ قائم
یہ مراسلہ باجوڑ، بنوں، بٹگرام، بونیر، ڈیرہ اسماعیل خان، اپر دیر، ہنگو، کرک، خیبر، کولائی پالس، کرم، لکی مروت، لوئر کوہستان، مہمند، شمالی وزیرستان، اورکزئی، شانگلہ، لوئر جنوبی وزیرستان، صوابی، سوات، ٹانک، تورغر اور اپر کوہستان کے ضلعی تعلیمی افسران کو ارسال کیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق تھرڈ پارٹی جانچ کا مقصد یونیسیف کے تعاون سے جاری تعلیمی منصوبوں پر عملدرآمد، شفافیت اور ان کی مؤثریت کا جائزہ لے کر نظامِ تعلیم کو مزید بہتر بنانا ہے۔





