دیر لوئر دریائے پنجکوڑہ میں لڑکی سمیت 2 افراد ڈوب گئے

دیر لوئر: شگوکس کے مقام پر دریائے پنجکوڑہ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ایک لڑکی اور ایک نوجوان لاپتہ ہو گئے، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122 کی واٹر ریسکیو ٹیم کا سرچ آپریشن دوسرے روز بھی جاری ہے۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق گزشتہ شام ایک 15 سالہ لڑکی دریائے پنجکوڑہ میں گر کر ڈوب گئی۔ اسے بچانے کی کوشش کے دوران ایک خاتون بھی پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گئی، تاہم سوزوکی ڈرائیور نوید خان سکنہ شینگری تیمرگرہ نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خاتون کو بحفاظت نکال لیا۔

ترجمان کے مطابق نوید خان بعد ازاں ڈوبنے والی لڑکی کو بچانے کے لیے دوبارہ دریا میں اترے، مگر تیز لہروں کی زد میں آ کر خود بھی لاپتہ ہو گئے۔

ریسکیو 1122 دیر لوئر کی واٹر ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کیا، جو دوسرے روز بھی جاری ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق دونوں لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: تورغر، دریائے سندھ میں تین کمسن بچیاں ڈوب گئیں

ریسکیو 1122 نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دریاؤں اور غیر محفوظ مقامات پر نہانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر 1122 پر اطلاع دیں۔

Scroll to Top