الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کو مالی گوشوارے جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مالی سال 26۔2025 کے آڈٹ شدہ اکاؤنٹس اورفنڈنگ کی مکمل تفصیلات 29 اگست تک لازمی جمع کرائی جائیں۔
اسلام آباد: ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے سیاسی جماعتوں کو اپنی آمدن، اخراجات، فنڈنگ کے ذرائع، اثاثوں اور واجبات کی مکمل تفصیلات جمع کرانا ہوں گی، پارٹی سربراہ اس بات کی تصدیق بھی کریں گےکہ جماعت نے کسی ممنوعہ ذریعے سے فنڈز حاصل نہیں کیے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ آڈٹ رپورٹ چارٹرڈاکاؤنٹنٹ سے تصدیق شدہ ہونا ضروری ہے۔یکم جولائی 2025 سے 30 جون 2026 تک تمام بینک اکاؤنٹس کی اسٹیٹمنٹس بھی جمع کرانا لازمی ہوں گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق فارم ڈی سیکرٹریٹ، صوبائی دفاتر اور ویب سائٹ پر دستیاب ہے، فارم میں اوور رائٹنگ قابل قبول نہیں ہوگی اور آڈیٹر کا درست رکنیت سرٹیفکیٹ بھی منسلک کرنا ہوگا۔
مالی گوشوارے صرف مجاز پارٹی عہدیدار کے ذریعے سیکرٹری الیکشن کمیشن کے دفتر میں جمع کرائے جائیں گے۔





