شیراز احمد شیرازی
وزارتِ مذہبی امور نے حج 2027ء کی تیاریوں کے سلسلے میں بڑی انتظامی اور مالیاتی تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سرکاری و نجی حج اسکیم کے تحت اب 16 مختلف بینکوں کے بجائے صرف حبیب بینک (HBL) درخواستیں اور اخراجات موصول کرے گا۔
وزارتِ مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ حبیب بینک کے وسیع برانچ نیٹ ورک اور جدید ڈیجیٹل سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ اس نئے نظام کے تحت عازمینِ حج برانچز کے ساتھ ساتھ آن لائن اور ڈیجیٹل بینکنگ کے ذریعے بھی اپنی درخواستیں اور واجبات جمع کرا سکیں گےجبکہ سرکاری و نجی اسکیموں کے تمام مالی امور اسی بینک کے سپرد کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں وزارتِ مذہبی امور اور حبیب بینک کے درمیان جلد باقاعدہ معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ رواں ہفتے سرکاری اسکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ باضابطہ شیڈول بھی جلد جاری کر دیا جائے گا۔ اس سے قبل 16 بینکوں نے اس عمل میں حصہ لیا تھا، تاہم اب تمام مالیاتی امور کا واحد مرکز حبیب بینک ہی ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : نیب کی سال 2026ء کی دوسری سہ ماہی میں 2452 ارب روپے کی تاریخی ریکوری
پاکستان کو اس سال کے لیے مجموعی طور پر 1 لاکھ 79 ہزار 210 عازمینِ حج کا کوٹہ ملا ہے۔ طے شدہ پالیسی کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے لیے 60 فیصد کوٹہ کے تحت 1 لاکھ 7 ہزار 832 عازمین فریضہ حج ادا کریں گے، جبکہ نجی اسکیم کے لیے 40 فیصد کوٹہ کے تحت 71 ہزار 888 عازمین حجازِ مقدس روانہ ہوں گے۔





