نیب کی سال 2026ء کی دوسری سہ ماہی میں 2452 ارب روپے کی تاریخی ریکوری

نیب کی سال 2026ء کی دوسری سہ ماہی میں 2452 ارب روپے کی تاریخی ریکوری

قومی احتساب بیورو (نیب) نے سال 2026ء کی دوسری سہ ماہی کی کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے اپنی تاریخ کی سب سے بڑی رقم کی واپسی کا اعلان کر دیا ہے۔

نیب کے مطابق اس عرصے کے دوران 2,452 ارب روپے (2.45 ٹریلین) سے زائد کی ریکارڈ رقم واپس حاصل کی گئی، جس کے بعد رواں سال کے پہلے چھ مہینوں میں کل رقم کا حجم 5,414 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔

مارچ 2023ء سے جون 2026ء تک کے عرصے میں نیب کی جانب سے کروائی گئی کل واپسی 16,938 ارب روپے کی تاریخی سطح تک پہنچ چکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ان تین مہینوں کے دوران بلوچستان، سندھ، پنجاب اور اسلام آباد میں مجموعی طور پر 10 لاکھ 78 ہزار ایکڑ سے زائد قیمتی سرکاری زمین قبضہ مافیا سے چھڑائی گئی۔

اس سلسلے میں نیب سکھر نے سندھ حکومت اور محکمہ جنگلات کے ساتھ مل کر این ایچ اے، جنگلات اور نہروں کے محکموں کی 8 لاکھ 53 ہزار ایکڑ سے زائد زمین واگزار کروا کے صوبائی حکومت کے حوالے کی جس کی مجموعی قیمت 1,010 ارب روپے بتائی گئی ہے۔

اس کے علاوہ نیب بلوچستان نے گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ، کوسٹل ہائی وے اور ہنگول نیشنل پارک سمیت 2 لاکھ 9 ہزار ایکڑ سے زائد جنگل کی زمین، نیب کراچی نے 11 ہزار ایکڑ، نیب لاہور نے تقریباً دو ہزار ایکڑ، نیب ملتان نے 920 ایکڑ جبکہ نیب اسلام آباد و راولپنڈی نے 810 ایکڑ سرکاری زمین قبضہ مافیا سے آزاد کرائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : نئی دہلی میں متعدد مقامات پر پاکستانی پرچم کی پینٹنگ واقعات، بھارت کے داخلی انتشار اور دو قومی نظریے کی بحث شدت اختیار کر گئی

نیب نے بتایا کہ ہاؤسنگ اسکیموں اور پیسے بٹورنے والے دھوکے بازوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 24 ہزار سے زائد متاثرہ لوگوں کو 42 ارب روپے سے زائد کی رقم اور جائیدادیں واپس دلائی گئی ہیں۔

Scroll to Top