عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 10 ہزار روپے کا بڑا اضافہ ہوگیا۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق اضافے کے بعد ملک میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 37 ہزار 936 روپے ہوگئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 8 ہزار 573 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 75 ہزار 459 روپے ہوگئی۔
صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا، جہاں فی تولہ چاندی 273 روپے مہنگی ہوکر 6 ہزار 624 روپے کی ہوگئی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں تیزی کا رجحان برقرار رہا، جہاں فی اونس سونا 100 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 155 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا۔
یہ بھی پڑھیں : سونے کی قیمت میں ایک بار پھر کمی، فی تولہ سونا 4 لاکھ 27 ہزار 936 روپے کا ہوگیا
ماہرین کے مطابق عالمی مالیاتی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال، معاشی خدشات اور سرمایہ کاروں کا محفوظ سرمایہ کاری کے لیے سونے کی جانب رجحان قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی حالات میں بے یقینی برقرار رہی تو آنے والے دنوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ بھی دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ڈالر کی قدر، عالمی اقتصادی صورتحال اور بین الاقوامی مارکیٹ کے رجحانات قیمتوں کے تعین میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ماہرین نے سرمایہ کاروں کو مشورہ دیا ہے کہ سونے کی خرید و فروخت سے قبل مقامی اور عالمی مارکیٹ کے تازہ رجحانات کو ضرور مدنظر رکھیں۔





