کوہاٹ تعلیمی بورڈ نے نہم و دہم کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا

طاہر رشید

کوہاٹ: بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (بی آئی ایس ای) کوہاٹ نے نہم اور دہم جماعت کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔

نتائج کے مطابق دہم سائنس گروپ میں مجموعی طور پر پہلی تینوں پوزیشنیں کیڈٹ کالج کوہاٹ کے طلبہ نے اپنے نام کر لیں۔

بورڈ کے مطابق کیڈٹ کالج کوہاٹ کے طالب علم مہیمن سراج نے 1165 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ احمد زیب خان نے 1164 نمبر کے ساتھ دوسری اور حنزلہ سلمان نے 1154 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔

آرٹس گروپ میں گورنمنٹ ہائی اسکول میاں جی کی طالبہ مریم صادق نے 1091 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول محمد حسین، میلہ درہ آدم خیل کی طالبہ حبیبہ نے 1060 نمبر کے ساتھ دوسری، جبکہ اسی اسکول کی طالبہ صدف نے 1044 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں : سوات تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا

بورڈ کے اعداد و شمار کے مطابق دہم سائنس گروپ کے امتحان میں 46 ہزار 812 طلبہ و طالبات نے شرکت کی، جن میں سے 21 ہزار 820 کامیاب قرار پائے۔

اسی طرح نہم سائنس گروپ کے امتحانات میں 41 ہزار 471 امیدوار شریک ہوئے، جن میں سے 12 ہزار 826 کامیاب رہے۔

کوہاٹ تعلیمی بورڈ کے مطابق نہم اور دہم جماعت کے امتحانات میں مجموعی طور پر 97 ہزار 74 طلبہ و طالبات نے حصہ لیا، جن میں سے 37 ہزار 878 کامیاب ہوئے، جبکہ مجموعی کامیابی کا تناسب 39.01 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

نتائج کے اعلان کے بعد نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، جبکہ تعلیمی حلقوں نے پوزیشن ہولڈرز کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Scroll to Top