محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا میں موسم کی تازہ صورتحال جاری کر دی

کاشف عزیز
پشاور: خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، جبکہ بعض مقامات پر تیز بارش اور تیز ہواؤں کا امکان بھی موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور، چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام اور مانسہرہ سمیت مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔

اس کے علاوہ ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، بونیر، کوہاٹ، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور کرم میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

موسم کی صورتحال کے حوالے سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، چارسدہ، نوشہرہ اور وزیرستان میں بھی تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں مون سون بارشوں سےمزیدجانی و مالی نقصانات کی تفصیلات جاری

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز پاراچنار میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ پشاور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ پشاور میں ہوا میں نمی کا تناسب 55 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب صوبے کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں فرق برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مالم جبہ میں درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ، جبکہ بنوں میں پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسم کی صورتحال سے باخبر رہنے اور شدید گرمی یا بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Scroll to Top