مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی خواتین کا پشاور اور صوابی میں احتجاج، حکومت سے فوری ریلیف کا مطالبہ

کاشف عزیز

پشاور: جماعت اسلامی خواتین نے بڑھتی ہوئی مہنگائی، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور بجلی و گیس کے بھاری بلوں کے خلاف پشاور میں احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں خواتین اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مظاہرین نے ہشت نگری سے اشرف روڈ تک احتجاجی مارچ کیا اور ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا کر مہنگائی کے خلاف نعرے لگائے۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے عام شہریوں کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے، جبکہ روزمرہ استعمال کی اشیاء عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔

خواتین مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے، بجلی اور گیس کے نرخ کم کیے جائیں اور عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کیا جائے۔

صوابی میں بھی احتجاج

استخار احمد یوسفزئی

دوسری جانب ضلع صوابی میں حلقہ خواتین جماعت اسلامی کے زیر اہتمام پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں کارکنان اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مظاہرین نے مہنگائی کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے تاکہ عوام پر بڑھتے ہوئے معاشی بوجھ کو کم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : مستقلی کا اعلامیہ جاری نہ ہونے پر پشاور ہائیکورٹ کے 4 ججز غیر فعال ہوگئے

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حلقہ خواتین کی صوبائی ناظمہ عظمیٰ خاتون اور ضلع ناظمہ طیبہ باجی نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہر طبقۂ فکر کو متاثر کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام مزید مہنگائی برداشت کرنے کے قابل نہیں رہے، اس لیے حکومت فوری طور پر قیمتوں میں کمی کا اعلان کرے۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ 7 اگست کو ہونے والے احتجاج اور صوابی بازار میں منعقد ہونے والی احتجاجی واک میں بھرپور شرکت کریں۔

Scroll to Top