مسقط: عمان نے سیاحت کے فروغ اور غیر ملکی مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے 14 روزہ مفت سیاحتی ویزا متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت اہل غیر ملکی شہری بغیر کسی ویزا فیس کے دو ہفتوں تک عمان میں قیام کر سکیں گے۔
عمانی حکام کے مطابق اس نئی سہولت کا اطلاق صرف ان ممالک کے شہریوں پر ہوگا جنہیں متعلقہ عمانی اتھارٹی اہل قرار دے گی، تاہم حکومت نے تاحال ان ممالک کی حتمی فہرست جاری نہیں کی۔
توقع ہے کہ یہ سہولت ان 100 سے زائد ممالک کے شہریوں کو حاصل ہوگی جو پہلے سے عمان کی 14 روزہ ویزا فری داخلہ اسکیم کے تحت اہل ہیں۔
عمانی حکام کے مطابق ویزا فری اسکیم دو زمروں پر مشتمل ہے۔ پہلے زمرے میں شامل ممالک کے شہری بغیر کسی اضافی شرط کے 14 روز تک عمان میں داخل ہو سکیں گے، جبکہ دوسرے زمرے کے ممالک کے شہریوں کے لیے برطانیہ، امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، جاپان، کسی شینگن ملک یا خلیجی تعاون کونسل (GCC) کے کسی رکن ملک کا کارآمد ویزا یا رہائشی پرمٹ لازمی ہوگا۔
نئے ضابطے کے تحت اگر کوئی مسافر 14 روزہ مفت ویزا پر عمان پہنچنے کے بعد مزید قیام کا خواہش مند ہو تو وہ مقررہ مدت ختم ہونے سے پہلے کسی دوسرے سیاحتی ویزا کے لیے درخواست دے سکتا ہے۔ اس کے لیے متعلقہ شرائط پوری کرنا اور مقررہ فیس ادا کرنا ضروری ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا کے سرکاری سکولوں میں سہولیات کی بہتری، محکمہ تعلیم کی اہم ہدایات جاری
عمانی حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ملک میں سیاحت کو فروغ دینا، مختصر دورانیے کے سفر کو آسان بنانا اور زیادہ سے زیادہ غیر ملکی سیاحوں کو عمان کی جانب راغب کرنا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے ہوٹل، ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس اور دیگر سیاحتی شعبوں میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ متوقع ہے۔
حکام کے مطابق 14 روزہ مفت سیاحتی ویزا کا فیصلہ 2 اگست 2026 کو عمان کے سرکاری گزٹ میں شائع کیا گیا، جبکہ اس پر باقاعدہ عمل درآمد 3 اگست 2026 سے شروع ہو چکا ہے۔
نئے قواعد کے تحت اس ویزا کی فیس صفر عمانی ریال مقرر کی گئی ہے، یعنی اہل درخواست گزاروں سے کسی قسم کی ویزا فیس وصول نہیں کی جائے گی۔





