شمالی وزیرستان میں کل کرفیو، صبح 5 بجے سے شام 7 بجے تک نقل و حرکت محدود رہے گی

شاکر خان

میران شاہ: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی متوقع نقل و حرکت کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے کل 9 اگست 2026 بروز اتوار ضلع بھر میں کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ شمالی وزیرستان کی جانب سے جاری کردہ اطلاعِ عام کے مطابق کل صبح 5 بجے سے شام 7 بجے تک ضلع بھر میں سیکیورٹی فورسز کی نقل و حرکت متوقع ہے، جس کے باعث اس دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔

انتظامیہ نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ مذکورہ اوقات کے دوران اپنی روزمرہ سرگرمیوں کو محدود رکھیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : دورۂ سعودی عرب، وزیرِ اعظم شہباز شریف مدینہ منورہ پہنچ گئے، ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعائیں

انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر رات کے اوقات میں عائد پابندی بھی بدستور نافذ رہے گی۔ اس پابندی کے تحت رات 12 بجے سے صبح 5 بجے تک عوام کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہوگی۔

علاقہ مکینوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حکومتی احکامات پر سختی سے عمل درآمد کریں، غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی یا دشواری سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top