سونا پھر چمک اُٹھا! عالمی منڈی میں سونے کی قیمت نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

سونا پھر چمک اُٹھا! عالمی منڈی میں سونے کی قیمت نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

عالمی منڈی میں سونا ایک بار پھر سرمایہ کاروں کی پہلی ترجیح بن گیا ہے۔ امریکا اور ایران کے درمیان فوجی کشیدگی میں وقتی کمی کے باوجود سونے کی قیمت میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں فی اونس قیمت 4,100 ڈالر سے بھی تجاوز کر گئی۔

امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ فوجی کشیدگی میں وقتی کمی کے بعد عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے بلومبرگ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت ایک موقع پر 1.6 فیصد بڑھ گئی، جس کے بعد فی اونس قیمت 4,100 ڈالر سے تجاوز کر گئی۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے بھی سونے کی قیمت میں تقریباً ایک فیصد اضافہ دیکھا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق امریکا نے ایران کے خلاف تقریباً دو ہفتوں سے جاری حملوں کا سلسلہ بغیر کسی باضابطہ اعلان کے روک دیا، جبکہ ایران نے بھی فوری جوابی کارروائی سے گریز کا اشارہ دیا ہے۔ اس پیش رفت کو خطے میں کشیدگی میں عارضی کمی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز سے بحری آمدورفت کے اہم معاملے پر مذاکرات بھی ہوئے، جس سے عالمی تیل کی سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں اور مہنگائی کے خدشات میں کمی آئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ جغرافیائی کشیدگی میں وقتی نرمی آئی ہے، تاہم عالمی سرمایہ کار غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر اب بھی سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہوئے اس کی خریداری کر رہے ہیں، جس کے باعث عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں مزید مستحکم اور بلند سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

Scroll to Top