پاکستان میں گاڑیاں بنانے والی کمپنی ہنڈائی نشاط نے ایلینٹرا 1.6 اسپیشل ایڈیشن کی ڈیلیوری رواں ماہ اگست سے شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ کمپنی نے یہ گاڑی رواں سال مئی میں متعارف کرائی تھی، جس کی ابتدائی ایکس فیکٹری قیمت 64 لاکھ 49 ہزار روپے مقرر کی گئی تھی۔
بکنگ اور قیمت کی تفصیلات
ایلینٹرا 1.6 اسپیشل ایڈیشن کی بکنگ کے لیے صارفین کو 15 لاکھ روپے جمع کرانا ہوں گے۔ کمپنی کے مطابق جو خریدار مکمل ادائیگی کریں گے، انہیں پرائس لاک کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، جس کا مطلب ہے کہ مستقبل میں گاڑی کی قیمت میں اضافہ ہونے کی صورت میں انہیں اضافی رقم ادا نہیں کرنا پڑے گی۔
ہنڈائی نشاط کی جانب سے گاڑی کے ساتھ 4 سال یا ایک لاکھ کلومیٹر، جو بھی پہلے مکمل ہو، کی وارنٹی بھی فراہم کی جارہی ہے۔
انجن اور کارکردگی
ایلینٹرا 1.6 اسپیشل ایڈیشن میں 1.6 لیٹر MPI پیٹرول انجن دیا گیا ہے، جو 126 ہارس پاور اور 155 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتا ہے۔ انجن کے ساتھ 6 اسپیڈ آٹومیٹک گیئر باکس فراہم کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ہونڈا موٹرسائیکل خریدنے کے خواہشمند افراد کے لیےبڑی خوشخبری
گاڑی کی لمبائی 4620 ملی میٹر، چوڑائی 1800 ملی میٹر جبکہ وہیل بیس 2700 ملی میٹر ہے، جس کے باعث اسے ایک آرام دہ فیملی سیڈان کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
جدید فیچرز بھی شامل
کمپنی نے ایلینٹرا کے اسپیشل ایڈیشن کو جدید اور پریمیم بنانے کے لیے متعدد نئے فیچرز شامل کیے ہیں۔ گاڑی میں ایل ای ڈی آٹو ہیڈ لائٹس اور ڈی آر ایل، ایل ای ڈی بیک لائٹس، پاورڈ سن روف، اسمارٹ انٹری، پش اسٹارٹ بٹن، 8 وے پاور ڈرائیور سیٹ، کروز کنٹرول اور وائرلیس موبائل چارجر شامل ہیں۔
اس کے علاوہ گاڑی میں اسپورٹ، اسمارٹ، ای سی او اور نارمل ڈرائیو موڈز بھی دیے گئے ہیں۔ پچھلی نشستوں کے لیے اے سی وینٹس، اسمارٹ ٹرنک ریلیز کے ساتھ ریئر اسپوائلر، بلیک سائیڈ مررز، شارک فن اینٹینا اور دیگر بلیک ایکسنٹس بھی گاڑی کا حصہ ہیں۔
70 لاکھ روپے سے کم میں پریمیم فیچرز
ہنڈائی کے مطابق ایلینٹرا 1.6 اسپیشل ایڈیشن ایسے صارفین کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کرائی گئی ہے جو 70 لاکھ روپے سے کم قیمت میں جدید اور لگژری فیچرز سے لیس سیڈان خریدنا چاہتے ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ سن روف، پاور سیٹ، وائرلیس چارجر اور جدید ایل ای ڈی لائٹس سمیت دیگر سہولیات اس گاڑی کو اپنی کلاس میں نمایاں بناتی ہیں۔
دلچسپی رکھنے والے صارفین قریبی Hyundai 3S ڈیلرشپ سے گاڑی کی بکنگ اور مزید معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔





