عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور قیمتی دھات کی قیمت مسلسل تیسرے روز بھی بلند ہوئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں تقریباً ایک فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 4,432.74 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی۔ یہ 5 جون کے بعد سونے کی بلند ترین سطح قرار دی جا رہی ہے۔
دوسری جانب امریکی گولڈ فیوچرز بھی 1.7 فیصد اضافے کے ساتھ 4,492.60 ڈالر فی اونس کی سطح پر پہنچ گئے۔
قیمتی دھاتوں کی دیگر مارکیٹوں میں بھی مثبت رجحان دیکھا گیا۔ چاندی کی قیمت 0.9 فیصد بڑھ کر 66.30 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 0.7 فیصد اضافے کے بعد 1,765.26 ڈالر جبکہ پیلاڈیم کی قیمت 0.8 فیصد اضافے کے ساتھ 1,394 ڈالر فی اونس ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں فی تولہ سونا 4 لاکھ 37 ہزار روپے سے تجاوز کر گیا
ماہرین کے مطابق سونے کی قیمتوں میں حالیہ تیزی کے باعث سرمایہ کاروں کی دلچسپی ایک بار پھر اس قیمتی دھات کی جانب بڑھ رہی ہے۔ تاہم آنے والے دنوں میں امریکی مہنگائی کے اعدادوشمار اور شرح سود کے حوالے سے توقعات عالمی مارکیٹ میں سونے کی سمت کے تعین میں اہم ثابت ہوں گی۔
مارکیٹ تجزیہ کار ٹونی سائکامور کا کہنا ہے کہ موجودہ معاشی اور جغرافیائی سیاسی حالات سونے کے لیے سازگار رہے تو درمیانی مدت میں اس کی قیمت میں مزید اضافہ ممکن ہے۔
انہوں نے سونے کے مستقبل کے حوالے سے مزید تیزی کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ قیمت 5 ہزار ڈالر فی اونس کی سطح تک بھی پہنچ سکتی ہے۔





