کیا آپ ڈپریشن سے بچنا چاہتے ہیں؟ماہرین نے انتہائی آسان طریقہ بتا دیا

ڈپریشن ایک پیچیدہ اور سنگین ذہنی مرض ہے جو نہ صرف انسان کے مزاج کو متاثر کرتا ہے بلکہ جسمانی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔

ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ روزانہ پھلوں کے خالص جوس کا صرف ایک گلاس پینا ڈپریشن سے بچاؤ اور دماغی صحت میں بہتری کے لیے انتہائی مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔

برطانیہ کی نیو کیسل یونیورسٹی میں کی جانے والی اس تحقیق کے نتائج معروف سائنسی جرنل ‘برٹش جرنل آف نیوٹریشن’ میں شائع ہوئے ہیں۔ تحقیق کے دوران ایک کلینیکل ٹرائل میں ایسے افراد کو شامل کیا گیا جو اپنی روزمرہ کی غذا میں پھلوں اور سبزیوں کا بہت کم استعمال کرتے تھے۔ محققین نے ان افراد کے ایک گروپ کو روزانہ 100 فیصد خالص پھلوں کے جوس یا اسموتھی کے استعمال کی ہدایت کی۔

چار ہفتوں تک جاری رہنے والے اس تجربے کے بعد حاصل ہونے والے نتائج سے معلوم ہوا کہ جوس پینے والے افراد کے ڈپریشن اسکور میں دوسرے گروپ کے مقابلے میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ سوالناموں کے ذریعے کیے گئے تجزیے سے یہ بات واضح ہوئی کہ صرف ایک گلاس خالص جوس کو روزمرہ کی روٹین کا حصہ بنانے سے ان کے مزاج پر مثبت اثرات مرتب ہوئے۔

محققین کا کہنا ہے کہ ہر فرد کے لیے روزانہ کی بنیاد پر پھل اور سبزیاں کھانا ممکن نہیں ہوتا، لیکن سادہ اور عملی غذائی تبدیلیوں کے ذریعے ان کی کمی کو پورا کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : حکومت نے نئی نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2026 کی منظوری دے دی

ماہرین نے زور دیا ہے کہ جو افراد پھلوں کا استعمال کم کرتے ہیں، اگر وہ روزانہ جوس پینے کو عادت بنا لیں تو وہ ڈپریشن جیسے ذہنی عارضے سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ تاہم، اس حوالے سے مزید تفصیلی تحقیقات کی ضرورت ہے تاکہ ذہنی امراض کے شکار افراد پر اس کے اثرات کا مزید باریک بینی سے جائزہ لیا جا سکے۔

Scroll to Top