اسلام آباد: سرکاری ملازمین کے پنشن نظام میں بڑی تبدیلی کے بعد وفاقی حکومت نے ڈیفائنڈ کنٹری بیوشن پنشن فنڈ اسکیم 2024 کو عملی طور پر نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اس سلسلے میں اسکیم کے قواعد جاری کرتے ہوئے تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور محکموں کو ضروری کارروائی مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
حکومت کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو نئی پنشن فنڈ اسکیم کے دائرہ کار میں آنے والے ملازمین کی فہرستیں تیار کرنا ہوں گی۔ متعلقہ اداروں کو ملازمین کا مکمل ڈیٹا اور ضروری اسناد اے جی پی آر کے ریکارڈ کے ساتھ 15 روز کے اندر اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نئے پنشن نظام پر عملدرآمد کی نگرانی کے لیے ہر وزارت اور ڈویژن کو گریڈ 17 یا اس سے اوپر کے افسر کو فوکل پرسن مقرر کرنا ہوگا۔ فوکل پرسن اسکیم سے متعلق معاملات کی نگرانی، متعلقہ شعبوں کے ساتھ رابطہ اور مطلوبہ معلومات کی بروقت فراہمی یقینی بنائے گا۔
وزارتوں اور ڈویژنز کو نئی اسکیم پر عملدرآمد کے لیے ضروری افسران اور متعلقہ شعبوں کو بھی نامزد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، تاکہ ملازمین کا ریکارڈ مرتب کرنے اور پنشن فنڈ سے متعلق کارروائی میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔
وزارت خزانہ کے ہیومن ریسورس ونگ کو نئی پنشن اسکیم پر عملدرآمد یقینی بنانے کی مرکزی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کنٹرولر جنرل اکاؤنٹس کو اے جی پی آر کے تعاون سے وفاقی ملازمین کا جامع ڈیٹا تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جامعہ پشاور کا بچت پروگرام، کم انرولمنٹ والے متعدد شعبہ جات ضم کرنے کا فیصلہ
حکومت کے مطابق ملازمین کا ڈیٹا وزارت، ڈویژن، محکمہ اور گریڈ کے لحاظ سے مرتب کیا جائے گا تاکہ نئی پنشن اسکیم کے دائرہ کار میں آنے والے تمام ملازمین کا مکمل اور درست ریکارڈ دستیاب ہوسکے۔
نئے نظام میں روایتی طریقہ کار کے برعکس پنشن کی مکمل ذمہ داری حکومت پر رکھنے کے بجائے ملازم اور حکومت کی جانب سے مقررہ کنٹری بیوشن کے ذریعے پنشن فنڈ تشکیل دینے کا تصور شامل ہے۔
ریٹائرمنٹ کے بعد ملازم کو ملنے والی رقم کا انحصار فنڈ میں جمع ہونے والی رقم، اس کی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے منافع اور دیگر متعلقہ عوامل پر ہوسکتا ہے۔
یہ نظام روایتی Defined Benefitپنشن نظام سے مختلف ہے، جس میں ریٹائرمنٹ کے بعد پنشن کا تعین پہلے سے موجود قواعد، ملازم کی سروس اور دیگر مقررہ عوامل کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے نئی اسکیم کو آپریشنل مرحلے میں لانے کے فیصلے کے بعد متعلقہ وزارتوں اور محکموں میں ملازمین کے ریکارڈ کی جانچ، تصدیق اور اندراج کا عمل شروع ہوگا۔
حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کو مقررہ مدت میں ملازمین کا ڈیٹا اپ ڈیٹ کرنے اور نئی پنشن فنڈ اسکیم پر بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ نئے نظام کے تحت آنے والے وفاقی ملازمین کا ریکارڈ مکمل اور درست انداز میں مرتب کیا جاسکے۔





