حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کے نرخ میں معمولی کمی کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی معمولی کمی کرتے ہوئے نوٹی فکیشن جاری کردیا ۔
، مٹی کے تیل کی قیمت میں 41 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد اس کی نئی قیمت 289 روپے 27 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے،وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں معمولی کمی عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں کے تناظر میں کی گئی ہے۔ نئی قیمت کا اطلاق مقررہ مدت کے لیے ہوگا۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں 41 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد صارفین کو معمولی ریلیف ملے گا تاہم مجموعی طور پر کمی کا اثر محدود رہے گا،نئی قیمت کے مطابق مٹی کا تیل اب 289 روپے 27 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا جبکہ اس سے قبل اس کی قیمت 289 روپے 68 پیسے فی لیٹر تھی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں صرف 94 پیسے کی کمی کردی گئی ہے، جس کے نتیجے میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 325 روپے 92 پیسے سے کم ہو کر 324 روپے 98 پیسے ہوگئی ہے۔




