آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور مختلف حلقوں سے غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے ۔
مظفر آباد : آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں اتوار کے روز مظفرآباد ڈویژن کے 8 انتخابی حلقوں اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی ۔
مظفرآباد ڈویژن کے تمام حلقوں میں پولنگ شام 5 بجے تک ہوئی، پولنگ سٹیشنز میں موجود ووٹرز کو پولنگ کیلئے ایک گھنٹے کا مزید وقت دیا گیا ،پولنگ پرامن انداز میں جاری رہی، تاہم حلقہ ایل اے 27 میں خراب موسم اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث انتخابی عملہ اور پولنگ سامان بروقت نہ پہنچ سکا، جس کے باعث حلقے کے تمام 196 پولنگ سٹیشنوں پر انتخابات ملتوی کر دیے گئے۔
ابتدائی غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کو واضح برتری حاصل ہے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی بھی چند حلقوں میں کامیابی اور سبقت حاصل کیے ہوئے ہے، اب تک موصول ہونے والے 15 حلقوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کو 11 جبکہ پیپلز پارٹی کو 4 پر کامیابی حاصل ہو ئی ۔





