خیبرپختونخوا حکومت نے ضم قبائلی اضلاع اور ملاکنڈ ڈویژن کو صوبائی ٹیکسوں میں استثنیٰ دینے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات شفیع اللہ جان کے مطابق صوبائی کابینہ نے سابق فاٹا، پاٹا اور ملاکنڈ ڈویژن میں سروس فراہم کرنے والوں کو خدمات پر سیلز ٹیکس سے استثنیٰ دینے کی منظوری دی ہے، جبکہ ان علاقوں میں قائم صنعتوں کو ودہولڈنگ سیلز ٹیکس سے بھی استثنیٰ حاصل ہوگا۔
کابینہ اجلاس میں احساس نوجوان پروگرام کا حجم 3 ارب روپے سے بڑھا کر 5 ارب روپے کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
صوبائی کابینہ نے یکم ربیع الاول سے پورے صوبے میں سرکاری سطح پر عشرہ رحمت للعالمین ﷺ منانے اور اس حوالے سے مختلف تقریبات کے شیڈول کی بھی منظوری دے دی۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کابینہ نے احساس نوجوان پروگرام کے لیے 5 ارب روپے کی منظوری دے دی
وزیر اطلاعات کے مطابق کابینہ نے مختلف اضلاع میں اسکولوں اور کالجز کے لیے فنڈز کی منظوری کے ساتھ پانچویں جماعت تک سمسٹر سسٹم کے تحت جیکٹڈ نصابی کتب فراہم کرنے کے نظام کی بھی منظوری دی ہے۔
شفیع اللہ جان نے بتایا کہ نویں سے بارہویں جماعت تک طلبہ کو 100 فیصد مفت نصابی کتب فراہم کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی بل 2026 کو بھی کابینہ نے قانون سازی کے لیے منظور کرلیا ہے۔





