مردان سنٹرل جیل میں سپورٹس گالا کے دوران ہنگامہ، مہمان احتجاجاً چلے گئے

اخوندزادہ فضل حق

مردان: سنٹرل جیل مردان میں سپورٹس گالا کے دوران اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے مہمانوں اور صحافیوں سے مبینہ بدتمیزی اور گالم گلوچ کے واقعے پر تمام مہمان احتجاجاً تقریب چھوڑ کر چلے گئے۔

ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ وسید اللہ مہمند پر خاتون ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شگفتہ سرور، ریجنل سپورٹس آفیسر ساجد آفریدی، صحافیوں اور دیگر مہمانوں کے ساتھ ہتک آمیز رویہ اختیار کرنے کا الزام ہے۔

واقعے کے بعد ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر، ریجنل سپورٹس آفیسر اور صحافیوں سمیت دیگر مہمانوں نے احتجاجاً سپورٹس گالا چھوڑ دیا۔

متاثرہ مہمانوں اور صحافیوں نے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، مشیر جیل خانہ جات اور آئی جی پریزن سے واقعے کا فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مردان: خواجہ گنج بازار کی وراثتی جائیداد پر تنازع، تین بہنوں کا رشتہ داروں پر قبضے اور جعلسازی کا الزام

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری تقریب کے دوران پیش آنے والے واقعے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ دار اہلکار کے خلاف قانون اور ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

شرکا کا کہنا تھا کہ سرکاری تقریب میں مہمانوں، سرکاری افسران اور صحافیوں کے ساتھ مبینہ بدسلوکی قابلِ تشویش ہے، اس لیے اعلیٰ حکام کو واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے حقائق سامنے لانے چاہئیں۔

Scroll to Top