اخوندزادہ فضل حق
مردان: خواجہ گنج بازار کے تاجر حاجی فرمان علی کی بیٹیوں انیلہ فرمان، مہرین فرمان اور عائشہ فرمان نے رشتہ داروں پر کروڑوں روپے مالیت کی وراثتی جائیداد پر مبینہ قبضے اور جعلسازی کے الزامات عائد کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
مردان پریس کلب میں والد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے متاثرہ بہنوں نے دعویٰ کیا کہ والد کی بیماری کے دوران وراثتی جائیداد میں مبینہ بے ضابطگیوں اور غیر قانونی فروخت کا انکشاف ہوا۔
متاثرہ خواتین کے مطابق خواجہ گنج بازار میں موجود کروڑوں روپے مالیت کی وراثتی جائیداد کے 10 مختلف اثاثوں پر مبینہ طور پر قبضہ کیا گیا اور دستاویزات میں بھی جعلسازی کی گئی۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے معاملے کا فوری نوٹس لینے اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کے عوام کا مکہ باہمی دفاعی معاہدے پر اظہارِ مسرت، عسکری قیادت کو خراجِ تحسین
خاندان کی جانب سے مبینہ غیر قانونی انتقال اور دستاویزات کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی اپیل کی گئی۔ متاثرہ بہنوں نے کہا کہ خواجہ گنج بازار کی قیمتی وراثتی جائیداد کے تنازع پر وہ عدالت سے رجوع کرچکی ہیں اور اپنے حقوق کے حصول کیلئے قانونی جنگ جاری رکھیں گی۔
متاثرہ خواتین نے چیف جسٹس، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، صوبائی وزیر طارق آریانی، آئی جی خیبرپختونخوا، کمشنر مردان، ڈی آئی جی اور ڈپٹی کمشنر سے انصاف کی فراہمی اور معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ وراثتی جائیداد سے متعلق مبینہ بے ضابطگیوں، غیر قانونی انتقال اور دستاویزات کی مبینہ جعلسازی کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔





