14 اگست پر نادرا کا پاکستانیوں کو بڑا تحفہ، شناختی کارڈ میں تبدیلی

نادرا نے 14 اگست سے پاکستان میں تیار کردہ چِپ کے بغیر کیو آر کوڈ پر مبنی نیا قومی شناختی کارڈ مرحلہ وار جاری کرنے کا اعلان کردیا۔

نیا کارڈ پولی کاربونیٹ میٹریئل سے پاکستان میں تیار کیا گیا ہے، جس میں درآمدی مائیکرو چِپ کے بجائے محفوظ QR کوڈ شامل ہوگا۔

عام اسمارٹ فون اور پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے کیو آر کوڈ اسکین کرکے شناختی کارڈ کی تصدیق کی جا سکے گی۔

کیو آر کوڈ میں کارڈ ہولڈر کی متعلقہ شناختی معلومات اور تصویر موجود ہوگی، جس سے نام، پتہ اور دیگر معلومات کے اندراج میں انسانی غلطیوں میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔

نادرا کے مطابق ٹیلی کام کمپنیوں، بینکوں، ہسپتالوں، پاکستان ریلوے، پولیس اور دیگر مجاز اداروں کو کیو آر کوڈ کے ذریعے تصدیق کے لیے سافٹ ویئر فراہم کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: نادرا کا بڑا فیصلہ، بنیادی سروسز کی فراہمی مزید آسان، ’’سیلف سروس کیاسک مشین‘‘ متعارف

نئے شناختی کارڈ پر خاندان نمبر کے علاوہ معذور افراد، بزرگ شہریوں، اعضاء عطیہ کرنے والوں اور آزاد جموں و کشمیر کے شہریوں کے مخصوص نشانات بھی موجود ہوں گے جبکہ نام اور پتہ اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں درج ہوگا۔

جنوری 2027 سے کیو آر کوڈ پر مبنی نیا کارڈ این آئی سی او پی اور جووینائل کارڈ سمیت قومی شناختی کارڈز کی تمام اقسام کے لیے جاری کیا جائے گا جبکہ بعد ازاں پاکستان اوریجن کارڈ کو بھی نئے نظام پر منتقل کیا جائے گا۔

نادرا نے واضح کیا ہے کہ پہلے سے جاری تمام شناختی کارڈ اپنی مقررہ تاریخِ میعاد تک بدستور کارآمد رہیں گے۔

Scroll to Top