وزیراعلیٰ خیبرپخونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ آج بنوں سے سٹریٹ موومنٹ کا آغاز کردیا ہے جس کا اختتام 27 ستمبر کو عمران خان کی رہائی کے بعد ہوگا۔
بنوں میں سٹریٹ موومنٹ کے دوران وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ جیل میں قید عمران خان ہمارے ہیرو ہیں اور انہی کی بدولت صوبے میں موجودہ حکومت قائم ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت خیبرپختونخوا میں مخصوص لوگ فیصلے کر رہے ہیں جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ 27 ستمبر کو 15 لاکھ افراد کو اسلام آباد لے جایا جائے گا اور عمران خان کو بازیاب کروایا جائے گا۔
انہوں نے نے خیبرپختونخوا میں سڑکوں کی بندش پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام بند سڑکیں عوام کی ملکیت ہیں۔
سہیل آفریدی نے سول انتظامیہ اور عسکری حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پشاور پہنچنے سے پہلے تمام سڑکیں کھول دی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی بنوں آمد، سٹریٹ موومنٹ یا پروٹوکول موومنٹ؟ کارکن کم، پروٹوکول کی گاڑیاں زیادہ
انہوں نے مزید کہا کہ اگر سڑکیں نہ کھولی گئیں تو وہ خود انہیں کھولنے کے لیے بندوبست کریں گے، خیبرپختونخوا میں کسی کی بدمعاشی قبول نہیں کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کارکنوں سے سٹریٹ موومنٹ میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تحریک کا مقصد عمران خان کی رہائی اور صوبے میں عوامی اختیار کو یقینی بنانا ہے۔





