ٹیکسلا: ٹک ٹاکر شمسو بی بی قتل کیس میں بڑی پیش رفت، 2 سہولت کاروں سمیت 4 مشتبہ افراد گرفتار

ٹک ٹاکر شمسو بی بی عرف عائشہ گلمانہ کے مبینہ قتل کیس میںٹیکسلا پولیس کو اہم کامیابی حاصل ہو گئی ہے جہاں تفتیشی ٹیموں نے فرار ملزمان کے 2 سہولت کاروں سمیت 4 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق سیف سٹی کیمروں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا گیا۔ واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل پر کوئی نمبر پلیٹ درج نہیں تھی جبکہ سوار افراد نے ہیلمٹ پہن رکھے تھے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے ٹک ٹاکر شمسو بی بی کو قتل اور ان کی بہن کو شدید زخمی کر دیا تھا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق 14 اگست کو مقتولہ کو کاشف عرف کاشی نامی شخص کی جانب سے مبینہ طور پر فون کال موصول ہوئی، جس میں انہیں فوری گھر سے باہر آنے کا کہا گیا تھا۔ اس کے بعد شمسو بی بی اپنی 15 سالہ بہن عاصمہ اور بھائی نعمت اللہ کے ہمراہ گاڑی میں روانہ ہوئیں تو پٹرول پمپ کے قریب موٹر سائیکل سواروں نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے دوران ایک گولی شمسو بی بی کی گردن میں لگی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں، جبکہ فائرنگ کے بعد بے قابو ہونے والی گاڑی دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ان کی 15 سالہ بہن عاصمہ شدید زخمی ہو گئیں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا اسمبلی نے احساس ریڑھی بان بل منظور کر لیا

مقتولہ کے والد فضل صاحبزادہ نے بتایا کہ جب وہ ٹی ایچ کیو ہسپتال ٹیکسلا پہنچے تو انہوں نے مردہ خانے میں موجود بیٹی کی لاش کی شناخت کی۔ پولیس فی الوقت گرفتار افراد سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔

Scroll to Top