پاکستان نے بھارت کے اندر متحرک کسی بھی مجرمانہ یا دہشت گرد گروہ کے ساتھ پاکستان کو جوڑنے کے تمام بھارتی الزامات اور میڈیا پروپیگنڈے کو یکسر اور قطعی طور پر مسترد کر دیا ہے۔
ایک سینئر پاکستانی عہدیدار نے پاکستان ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ بھارت کی جانب سے عائد کیے جانے والے یہ الزامات من گھڑت، بے بنیاد اور حقیقت سے دور ہیں۔
اعلیٰ عہدیدار کا کہنا تھا کہ یہ پہلی بار نہیں ہوا بلکہ یہ بھارت کی پرانی چال ہے، جس کا مقصد اپنے ملک کے سنگین اندرونی مسائل، عوام کی ناکامیوں پر برہمی اورمختلف محاذوں پر ملنے والی سفارتی و بیرونی سبقتوں سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے۔
پاکستانی حکام نے بھارتی میڈیا کے سنسنی خیز اور غیر تصدیق شدہ دعووں پر محتاط اور واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی بھی غیر تصدیق شدہ اور بے بنیاد بھارتی میڈیا رپورٹ یا من گھڑت کہانی کی جزئیات پر تبصرہ کر کے اسے بلاوجہ اہمیت، وزن یا قانونی جواز فراہم نہیں کرے گا۔
عہدیدار نے مزید کہا کہ بھارت اپنے ہتھکنڈوں کے ذریعے خطے کے امن کو داؤ پر لگانے کے بجائے اپنے اندرونی بگاڑ اور سیکورٹی اداروں کی نااہلی پر توجہ دے۔ پاکستان ہمیشہ سے ذمہ دارانہ سفارت کاری اور خطے میں امن کا داعی رہا ہے اور ایسے غیر سنجیدہ الزامات سے پاکستان کے عالمی امیج کو متاثر نہیں کیا جا سکتا۔





