بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان، فی یونٹ 2 روپے 52 پیسے اضافے کی درخواست

اسلام آباد: سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے ملک بھر میں بجلی کی قیمت میں مزید 2 روپے 52 پیسے فی یونٹ اضافے کے لیے نیپرا میں درخواست جمع کرا دی۔

نیپرا کے اعلامیے کے مطابق سی پی پی اے نے یہ درخواست جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دائر کی ہے۔ درخواست میں جولائی کے دوران مختلف ذرائع سے پیدا ہونے والی بجلی اور اس کی فیول لاگت کی تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں۔

درخواست کے مطابق جولائی میں درآمدی ایل این جی سے 10.78 فیصد بجلی پیدا کی گئی، جس پر مجموعی طور پر 77 ارب 19 کروڑ روپے خرچ ہوئے، جبکہ ایل این جی سے فی یونٹ بجلی کی لاگت 47 روپے 37 پیسے رہی۔

سی پی پی اے کے مطابق جولائی میں فرنس آئل سے 1.42 فیصد بجلی پیدا ہوئی، جس پر 10 ارب 77 کروڑ روپے لاگت آئی۔

اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں پانی سے 39.81 فیصد، مقامی کوئلے سے 10.91 فیصد، درآمدی کوئلے سے 14.38 فیصد جبکہ نیوکلیئر ذرائع سے 10.10 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ نیوکلیئر ذرائع سے بجلی کی فی یونٹ فیول لاگت 3 روپے 2 پیسے رہی۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں دودھ چیکنگ مہم، 53 ہزار 478 لیٹر غیر معیاری دودھ تلف

درخواست میں مزید بتایا گیا ہے کہ جولائی کے دوران ڈیزل سے بھی 3 کروڑ 10 لاکھ یونٹ بجلی پیدا کی گئی، جس کی فی یونٹ لاگت 54 روپے 47 پیسے رہی۔

نیپرا کے مطابق سی پی پی اے کی درخواست پر سماعت 27 اگست کو ہوگی۔ درخواست منظور ہونے کی صورت میں صارفین پر جی ایس ٹی سمیت تقریباً 41 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

تاہم بجلی کی قیمت میں اضافے کا حتمی فیصلہ نیپرا کی سماعت اور جائزے کے بعد کیا جائے گا۔

Scroll to Top